ترنم ریاض - شعور تقدیس ہنرمندی کا استعارہ : ڈاکٹر زین رامش
کلکتہ : گرلس کالج, شعبہ اردو کے زیر اہتمام مغربی بنگال اردو اکادمی کے مالی تعاون سے دو روزہ قومی سیمینار کا اہتمام 26 مارچ 2022 کو کالج کے ہال میں کیا گیا۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت محترمہ نزہت زینب صاحبہ (سکریٹری، مغربی بنگال اردو اکادمی) نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر پروفیسر مویتری بھٹاچاریہ (ممبر، گورننگ باڈی) نے شرکت کی۔ نظامت کا فریضہ ڈاکٹر نعیم انیس نے ادا کیا۔ اپنے خیر مقدمی کلمات میں کالج کی پرنسپل ڈاکٹر ستیہ اپادھیاے نے مہمانان کا خیر مقدم کرتے ہوءے ترنم ریاض کے حوالے سے کہا کہ وہ اردو ادب کی ایک جینوین ادیبہ تھیں اور انہوں نے نسوانی مساءیل کو اپنی تحریروں میں بخوبی اجاگر کیا۔ محترمہ نزہت زینب نے اپنی مختصر تقریر میں ترنم ریاض کی ادبی خدمات پر منعقد ہونے والے اس سیمینار پر کلکتہ گرلس کالج بالخصوص شعبہ اردو کے روح رواں ڈاکٹر نعیم انیس کو مبارکباد دی اور اس بات پر اپنی مسرت کا اظہار کیا کہ اردو اکادمی کے مالی تعاون سے کلکتہ میں منعقد ہونے والا یہ پہلا سیمینار ہے۔
ڈاکٹر زین رامش(اسوسی ایٹ پروفیسر، شعبہ اردو، ونوبا بھاوے یونیورسٹی) نے اپنے کلیدی خطبہ میں ترنم ریاض کے فکر و فن پر مدلل اور پرمغز گفتگو کرتے ہوءے کہا کہ ترنم ریاض اپنی زندگی اور ادب میں ہمیشہ ایماندار رہیں۔وادی کشمیر کے مسایل کو جس خوبی سے انہوں نے اپنی تحریروں میں پیش کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہیں۔ پروفیسر موتری بھٹاچاریہ نے کہا کہ ترنم ریاض ایک جینیس تھیں اور انہوں نے مرد اساس سماج میں ہمیشہ عورتوں کے مسایل یر گفتگو کی۔
افتتاحی اجلاس کا ہدیہ تشکر شعبہ تاریخ کی اسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شتاروپا سین گپتا نے کیا۔ جس کے بعد سیمینار کے پہلے اجلاس کا آغاز ہوا جس کی صدارت ڈاکٹر زین رامش نے کی جبکہ مقالہ نگاروں میں محترمہ نزہت زہرا (سریندر ناتھ کالج فار ویمین) نے ترنم ریاض کی افسانہ نگاری 'یہ تنگ زمین کی' روشنی میں، محترمہ شیریں ظفر (کلکتہ گرلس کالج) نے ترنم ریاض کی فکشن نگاری، جناب اصغر شمیم (گورنمنٹ ووڈبرن اسکول) نے ترنم ریاض ایک باشعور تخلیق نگار، جناب شاہد فلاحی (ریسرچ اسکالر، لکھنو یونیورسٹی) نے ترنم ریاض کی افسانہ نگاری'ابابیلیں لوٹ آءیں گی کے تناظر میں'، اور جناب نواز شریف (ریسرچ اسکالر، دہلی یونیورسٹی) نے ترنم ریاض کے افسانوں میں عورتوں کے مساءل، پر اپنے اپنے مقالے پیش کءے۔ اپنے صدارتی خطبہ میں ڈاکٹر زین رامش نے تمام مقالہ نگاروں کو ان کے مقالے پر مبارک باد دی اور کہا کہ ترنم ریاض بلاشبہ ایک لیجینڈ تھیں اور ان کی تحریروں میں ہمعصر مساءیل کی بہترین جھلک نظر آتی ہے۔ شعبہ اردو کے گیسٹ لکچرر ڈاکٹر ومیق الارشاد قادری کے ہدیہ تشکر کے ساتھ پہلے روز کے اجلاس کا اختتام ہوا۔

0 comments