زندگی کی جدوجہد میں آپ کا حوصلہ ہی سب سے بڑی طاقت ہے / معظم نائک
نئی دہلی : دہلی فسادات میں اپنا سب کچھ کھو چکے خاندانوں کی بازآبادکاری کی وزن 2026 کی کوششیں کرونا وائرس کی وجہ سے وقتی طور پر متاثر ضرور ہوئیں تھیں لیکن منصوبہ بند طریقے سے جاری تھیں ، ہیومن ویلفیر فاونڈیشن متاثرین کے تباہ شدہ گھروں اور دوکانوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ انہیں دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کا کام تیزی سے کر رہا ہے ۔ فساد میں جن لوگوں کے روزگار پوری طرح سے تباہ ہوگئے تھے فاونڈیشن انہیں دوبارہ کام سے جوڑ رہا ہے ۔
اسی سلسلے میں ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کے اسسٹنٹ جنرل سکریٹری معظم نائک اپنی وزن 2026 ٹیم کے ہمراہ فساد متاثرین کے درمیان پہونچے ان کا حال دریافت کیا اور ان کے درمیان 2 دوکان ، 2 مکان 2 ای رکشا ،2 موٹر سائیکل ایک سلائی مشین اور 4 سائیکل تقسیم کیا اور انہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران معظم نائک نے کہا کہ " ہماری کوشش متاثرین کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی ہے ، آج وزن 2026 کی جانب سے کی گئی یہ مدد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ فسادات کے بعد متاثرین کی فوری مالی مدد کے ساتھ ساتھ ان کی بازآبادکاری اہم کام ہوتا ہے ۔ فاونڈیشن مکمل بازآبادکاری کے لیے منظم ڈھنگ سے کوشش کر رہا ہے" ۔ متاثرین کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا " آپ ہمت اور حوصلے سے کام لیں زندگی کی جدوجہد میں آپ کا حوصلہ ہی سب سے بڑی طاقت ہے ، ہماری کوشش آپ سبھی کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کی ہے "۔

0 comments