ناگہانی آفات اور حادثات سے بچاؤ و راحت کی تربیت دینے کے لئے ایس بی ایف کی جانب سے ورکشاپ کا انعقاد
نئی دہلی:ڈزاسٹر مینجمنٹ کے شعبہ میں اپنی خدمات انجام دینے والی تنظیم سوسائٹی فار برائٹ فیوچر (ایس بی ایف) کی جانب سے طلباء و طالبات کے لئے آؤٹ ریچ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جہاں پروجیکٹر کی مدد سے طلباء وطالبات کو آفات سے پہلے اور آفات کے بعد کئے جانے والے کاموں سے متعلق تربیت دی گئی۔ نئی دہلی کے جامعہ نگر علاقے میں واقع ایس بی ایف کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ پروگرام میں بڑی تعداد میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلبہ و طالبات نے شرکت کرکے قدرتی آفات اور حادثات کے دوران کئے جانے والے بچاؤ و راحت کے کاموں کو جانا۔
ڈزاسٹر مینجمنٹ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے دہلی ڈفینس شعبہ کے سریش کمار نے مختلف تجربے کرکے آفات سے بچنے اور اس سے نمٹنے سے متعلق طلبہ کی تربیت کی۔ اس دوران انہوں طلباء و طالبات کو کچھ ٹاسک بھی دئے۔ جس کو انہوں نے بخوبی انجام دیا۔
وہیں سوسائٹی فار برائٹ فیوچر کے نیشنل کوآرڈینیٹر عرفان احمد نے کہا کہ ہمارے ملک میں کبھی قدرتی آفات تو کبھی انسانی غلطیوں کی وجہ حادثات پیش آتے رہتے ہیں۔ عام طور پر لوگوں کو معلومات نہیں ہونے کی وجہ سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر نوجوان کو آفات سے بچاؤ و راحت کی تربیت حاصل کرنا چاہیے۔ ساتھ ہی انہوں نے طلبہ کو خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ہمارا یہ بھی ایک بڑا علمیہ ہے کہ گریجویشن اور ماسٹرز تک پہنچتے پہنچتے بھی طلبہ ڈزاسٹر مینجمنٹ کی تعلیمات سے محروم رہتے ہیں جبکہ ہونا تو یہ چاہیے کہ طلبہ کو اس کی تعلیم پرائمری اسکول سے ہی دینی چاہئے۔
ایس بی ایف کے والنٹیئر کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عامر جمال نے طلبہ کے درمیان ایس بی ایف کا تعارف پیش کیا۔ جبکہ پروگرام کی نظامت کا فریضہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علم انتخاب عالم نے ادا کیا۔

0 comments