سید سعادت اللہ حسینی جماعت اسلامی ہند کے دوبارہ امیر منتخب
جماعت کی 162 رکنی اعلیٰ اختیاراتی باڈی مجلس نمائندگان کا اجلاس دہلی میں جاری ہے

نئی دہلی: (ایشیا ٹائمز نیوز بیورو) سید سعادت اللہ حسینی جماعت اسلامی ہند کے دوبارہ امیر منتخب کرلیےگئےہیں ۔ جماعت اسلامی ہند کی 162 رکنی جماعت کی اعلیٰ اختیاراتی باڈی مجلس نمائندگان نے انہیں نئی میقات اپریل 2023 تا مارچ 2027 کیلئے دوبارہ منتخب کر لیا ہے ۔
مجلس نمائندگان کا اجلاس 26 اپریل سے دہلی میں جاری ہے جو 30 تک چلے گا ، اجلاس کا آج چوتھا دن ہے، اطلاعات کے مطابق مجلس نمائندگان نے کئی اورناموں پر چرچا کرنے کے بعد یہ فیصلہ لیا ہے ۔ اس بار مجلس نمائندگان میں 36 خواتین بھی شریک ہوئیں ۔
سید سعادت اللہ حسینی7 جون 1973 ء کو ناندیڑ، مہاراشٹرمیں پیدا ہوے۔ ناندیڑ شہر میں تعلیم حاصل کی، جہاں انہوں نے الیکٹرانکس اور ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ میں گریجویشن مکمل کیا. 2015 تا 2019 کی میقات میں موصوف جماعت اسلامی ہند کےنائب امیراورمرکزی مشاورتی کونسل کے رکن رہے. 7 اپریل 2019 کو پہلی بارامیر منتخب ہوئے، وہ زمانہ طالب علمی میں ہی جماعت اسلامی ہند کی طلبہ تنظیم ایس آئی او ) کے کل ہند صدر (1999تا2003) رہے۔
سید سعادت اللہ حسینی جماعت اسلامی ہند کی مرکزی مجلس شوری کے سب سےکم عمر رکن بھی رہے ہیں ۔
گزشتہ میقات میں جماعت اسلامی ہند کے ارکان کی تعداد 12 ہزار تھی اور مجلس نمائندگان کی تعداد 157 تھی ۔ رواں میقات میں لگ بھگ 2 ہزار ارکان کی تعداد بڑھی ہے ۔
پہلے 70 ارکان پر ایک مجلس نمائندگان کا رکن منتخب ہوتا تھا اس بار اسے بڑھا کر 100 ارکان پرمجلس نمائندگان کا ایک رکن منتخب کیا گیا ہے ۔
جماعت اسلامی ہند نے اسی سال 16 اپریل کو اپنے قیام کے 75 برس مکمل کیے ہیں ، جسے جماعت نے جدو جہد کے 75 برس نام دیا تھا ، جماعت اسلامی ہند کا قیام 16 اپریل 1948 کو الہ آباد میں ہوا تھا ۔
جماعت اسلامی ہند ملک کی 22 ریاستوں میں کام کرتی ہے ۔ ملک بھر میں 14000 ارکان ہیں ، ملک کے طول و عرض میں 2 ہزار سے زائد یونٹس قائم ہیں ، اب تک وابستگان جماعت کی تعداد 7 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے ، ملک کی 500 سے زائد سماجی و تنظیمیں جماعت سے منسلک ہوکر کام کررہی ہیں ۔
جماعت اسلامی ہند کے 'امیر' کا انتخاب کیسے ہوتا ہے، یہ ویڈیو دیکھیں

0 comments