آئیڈیل پبلک اسکول، ابوالفضل انکلیو میں سائنس نمائش
طلبہ کے سائنسی ماڈلز نے شائقین کو متاثر کیا
نئی دہلی: (ایشیا ٹائمز ) آئیڈیل پبلک اسکول، ابوالفضل انکلیو جامعہ نگر میں ایک سائنسی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ نے مختلف سائنسی موضوعات پر مبنی ماڈلز اور تجربات پیش کیے۔ نمائش میں شریک طلبہ اپنے اپنے
ماڈلز کے تعارف اور وضاحت کے لیے خاصے پرجوش نظر آئے، جس سے ان کے اعتماد اور سائنسی فہم کا بخوبی اندازہ ہوتا تھا۔
نمائش میں پیش کیے گئے ماڈلز نے حاضرین کو متاثر کیا۔ کم عمر طلبہ کی جانب سے عملی انداز میں سائنسی تصورات کو پیش کرنا اس بات کی علامت ہے کہ اسکول میں بچوں کے اندر سائنسی سوچ اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ وہ سائنسی اصول اور تجربات جو عموماً نصابی کتابوں تک محدود رہتے ہیں، طلبہ نے انہیں ماڈلز کے ذریعے عملی صورت میں پیش کیا۔
تعلیمی و صحافتی حلقوں سے وابستہ افراد نے نمائش کو تعلیمی اعتبار سے نہایت مفید قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں بچوں میں تحقیق، جستجو اور سائنسی رجحان کو مضبوط کرتی ہیں۔ ان کے مطابق یہی بچے آگے چل کر سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
نمائش کی کامیابی میں اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کی محنت کو بھی اہم قرار دیا گیا۔ اساتذہ کی رہنمائی اور تربیت کے باعث ہی طلبہ اس قابل ہو سکے کہ وہ معیاری اور بامقصد سائنسی پروجیکٹس تیار کر سکے۔
نمائش دیکھنے والوں نے طلبہ کے جذبے، محنت اور سائنسی ذوق کو سراہا اور اسکول کی اس تعلیمی کاوش کو قابلِ تحسین قرار دیا ۔

0 comments