ریاض میں مقیم اے ایم یو کے سابق طلبہ کا شاندار کردار :خصوصی طلبہ کے لیے لاکھوں کی امداد، جدید لیبز کا افتتاح

ریاض یونت مستقبل میں بھی یونیورسٹی کے تعلیمی اور فلاحی منصوبوں میں بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی / ڈاکٹر انعام اللہ بیگ

 

علی گڑھ(ایشیا ٹائمز) : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اور اس کے سابق طلبہ کے درمیان مضبوط رشتے کی ایک درخشاں مثال اس وقت سامنے آئی جب علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوس ایشن ریاض نے یونیورسٹی کو تعلیمی اور بنیادی ڈھانچے کے میدان میں غیر معمولی تعاون فراہم کیا۔ اسکالرشپس، مالی امداد اور جدید تعلیمی سہولیات کے قیام کے ذریعے ریاض میں مقیم سابق طلبہ نے ایک بار پھر اپنی مادرِ علمی سے گہری وابستگی کا عملی ثبوت دیا۔

  اموبا ریاض کے صدر ڈاکٹر انعام اللہ بیگ نے وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون سے ملاقات کے دوران طلبہ فلاح و بہبود کے لیے 10 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا اور تمام فیکلٹیز کے انڈرگریجویٹ و پوسٹ گریجویٹ طلبہ کے لیے 100 اسکالرشپس کا اعلان کیا، جن میں نمایاں حصہ طالبات کے لیے مخصوص ہے۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر، فنانس آفیسر نورالسلام اور جوائنٹ رجسٹرار سرور اطہر بھی موجود تھے۔

وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے سابق طلبہ کے جذبۂ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے ایم یو کے اولڈ بوائز ہمیشہ سے یونیورسٹی کے فکری اور تعلیمی سرمایے کا مضبوط سہارا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مالی اور ادارہ جاتی معاونت نہ صرف تعلیمی مواقع کو وسعت دیتی ہے بلکہ جامع ترقی کی راہیں بھی ہموار کرتی ہے۔
ڈاکٹر انعام اللہ بیگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ  ریاض مستقبل میں بھی یونیورسٹی کے تعلیمی اور فلاحی منصوبوں میں بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ اسی سلسلے میں ایسوسی ایشن کی جانب سے ایس ٹی ایس اسکول کے لیے کلاس روم فرنیچر بھی فراہم کیا گیا ہے۔

سابق طلبہ کے تعاون سے ایک اور تاریخی قدم اس وقت اٹھایا گیا جب احمدی اسکول برائے بصارت سے محروم طلبہ میں ٹچ سینس بریل لیب کا افتتاح عمل میں آیا۔ وائس چانسلر نے اس جدید سہولت کا افتتاح کیا، جب کہ AMUOBA ریاض کی جانب سے عطیہ کردہ جدید معاون آلہ Orbit Reader 20 نے اس لیب کی افادیت میں نمایاں اضافہ کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ خصوصی ضروریات کے حامل طلبہ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال عزتِ نفس، خود اعتمادی اور مساوی تعلیمی مواقع کی ضمانت ہے۔ یہ اقدامات روایتی تعلیم کو جدید ڈیجیٹل دور سے جوڑنے کی ایک مؤثر کوشش ہیں۔

تقریب میں پرو وائس چانسلر، رجسٹرار، ڈائریکٹر ڈی ایس ای، ڈپٹی ڈائریکٹر، فنانس آفیسر اور متعدد اساتذہ کرام شریک ہوئے۔ احمدی اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر نائلہ رشید نے کہا کہ یہ لیب بصارت سے محروم طلبہ کو ڈیجیٹل دنیا سے جوڑنے اور ان کی تعلیمی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

اسی تسلسل میں ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) میں پانچ کمپیوٹر سسٹمز پر مشتمل ایک جدید کمپیوٹر لیب کا بھی افتتاح کیا گیا، جس کا مقصد طلبہ کو کیریئر رہنمائی، ہنر
مندی اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ڈاکٹر انعام اللہ بیگ نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں اور مستقبل کی تیاری سنجیدگی سے کریں۔

ان تمام اقدامات کی کامیاب تکمیل میں جوائنٹ رجسٹرار سرور اطہر کی مؤثر ہم آہنگی نے کلیدی کردار ادا کیا، جن کی کوششوں سے سابق طلبہ کی امداد عملی تعلیمی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں تبدیل ہو سکی۔
یہ پیش رفت نہ صرف اے ایم یو کے عالمی سابق طلبہ نیٹ ورک کی طاقت کی عکاس ہے بلکہ اس بات کا واضح پیغام بھی ہے کہ علی گڑھ آج بھی اپنے فرزندوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

 

0 comments

Leave a Reply