مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام، اکیسواں کل ہند مسابقہ حفظ، تجوید و تفسیر قرآن کریم بحسن و خوبی اختتام پذیر

مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام "اکیسواں کل ہند مسابقہ حفظ، تجوید و تفسیر قرآن کریم" کا عظیم الشان اختتامی اجلاس گزشتہ 5 اکتوبر کی شب جامع مسجد اہل حدیث کمپلیکس، اوکھلا، نئی دہلی میں نہایت شاندار اور روح پرور ماحول میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کا سب سے بڑا انعام قرآن کریم ہے، جسے اس نے ہمیں پڑھنے، سمجھنے اور دلوں میں بسانے کی توفیق دی۔انہوں نے کہا کہ قرآن مجید حاملین قرآن سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ وہ اس پر عمل کریں اور اس کے نور کو انسانیت میں پھیلائیں۔

مولانا نے زور دیتے ہوئے کہا کہ “ہمیں صرف اپنے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے خیرخواہ اور خادم بننا ہے، یہی قرآن کی تعلیم ہے۔”مدارس کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سلفی نے فرمایا کہ مدارس کی اصل روح اور کردار کو زندہ رکھنے کی ضرورت ہے، کیونکہ یہی ادارے ملت کے حقیقی قلعے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم قرآن کی روح کے ساتھ وابستہ رہیں تو ہماری تمام مشکلات آسان ہوسکتی ہیں۔شرکائے مسابقہ سے خطاب میں مولانا نے کہا کہ کامیابی صرف انعام حاصل کرنے کا نام نہیں، بلکہ قرآن کی طرف رجوع کرنا ہی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے تمام طلبہ، والدین، اساتذہ اور مدارس کے محسنین کو مبارکباد پیش کی۔

افتتاحی اجلاس میں مولانا محمد ہارون سنابلی ناظم عمومی مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند نے قرآن کریم سے مضبوط تعلق کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کی عزت و سربلندی اسی کتاب سے وابستہ ہے۔قاری علاءالدین قاسمی (دارالعلوم دیوبند وقف) نے فن تجوید و قراءت کی باریکیوں پر گفتگو کی اور کہا کہ یہ مسابقہ اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے جس میں مسلک و مشرب سے بالاتر ہوکر شرکت کی جاتی ہے۔

دیگر ممتاز علما و شخصیات نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، جن میں ڈاکٹر قاری عتیق اللہ مدنی، حافظ شکیل احمد میرٹھی، ایڈووکیٹ فیروز احمد انصاری (صدر آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت)، ڈاکٹر رضی الاسلام ندوی (جماعت اسلامی ہند)، مولانا عبدالسلام سلفی (امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث ممبئی)، پروفیسر شہپر رسول (سابق وائس چیئرمین اردو اکیڈمی دہلی)، ڈاکٹر عبدالمجید صلاحی، مولانا عطاءالرحمن قاسمی (صدر شاہ ولی اللہ انسٹی ٹیوٹ)، ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس، پروفیسر اختر الواسع، مولانا فضل الرحیم مجددی (جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ) اور شیخ انیس الرحمن اعظمی (امیر صوبائی جمعیت اہل حدیث تامل ناڈو) شامل تھے۔تمام مقررین نے قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل کی ضرورت پر زور دیا اور مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کی قیادت کو اس عظیم علمی و روحانی پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔پروگرام کے آخر میں مسابقے کے چھ زمروں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو نقد انعامات، توصیفی اسناد، یادگاری گھڑیاں اور کتاب "آئینہ جمال مصطفیٰ" سے نوازا گیا، جب کہ تمام شرکاء کو حوصلہ افزائی کے طور پر اسناد اور قرآن مجید بھی پیش کیے گئے۔

آخر میں الحاج وکیل پرویز (خازن مرکزی جمعیت) نے تمام مہمانان، علماء، حکم حضرات، شرکائے مسابقہ اور مدارس کے اساتذہ و سرپرستوں کا شکریہ ادا کیا۔ روحانی ماحول میں اختتامی دعا کے ساتھ یہ بابرکت محفل رات ساڑھے دس بجے اختتام پذیر ہوئی۔

0 comments

Leave a Reply