یومِ سر سید کے موقع پر جامعہ نگر میں فکری نشست، سر سید کے مشن کو آگے بڑھانے کا عزم
نئی دہلی، 17 اکتوبر (ایشیا ٹائمز):آج یومِ سر سید کے موقع پر جہاں سر سید ڈنر سمیت ان کی خدمات اور تحریکِ علی گڑھ پر پوری دنیا میں گفتگو ہو رہی ہے، وہیں جامعہ نگر میں بھی چند اہلِ فکر و نظر نے ان کے مشن کے حوالے سے ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا۔
یہ نشست ایشیا ٹائمز کے دفتر میں منعقد ہوئی، جس کی میزبانی گریٹ انڈیا ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین نوراللہ خان نے کی۔ اس موقع پر مختلف علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی اور سر سید احمد خان کی تعلیمی، سماجی اور فکری خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
نوراللہ خان نے اس موقع پر کہا کہ ایسے مصروف ترین دور میں تحریکِ سر سید کو یاد کرتے رہنا نہ صرف قابلِ تعریف کوشش ہے بلکہ سماجی و فکری بیداری کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت کا اہم ترین تقاضا ہے کہ ہم سر سید کے مشن کو عملی سطح پر آگے بڑھائیں۔
آئی پی یونیورسٹی، دہلی کے وزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر مامون عبدالعزیز نے کہا کہ تعلیم کا جو شعلہ سر سید نے جلایا تھا، اسے مدھم نہیں ہونے دینا، بلکہ مزید روشن رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔
ڈاکٹر زاہد احسن نے کہا کہ علم کے بغیر انسان ادھورا ہے، اور علم ہی وہ روشنی ہے جو زندگی کو منور کرتی ہے۔ سر سید نے اسی روشنی کو اپنی قوم کے لیے مشعلِ راہ بنایا۔
معروف سماجی کارکن ڈاکٹر آس محمد صدیقی نے کہا کہ ہمہ جہت ترقی کے لیے سر سید کا مشن ہم سب کے لیے ایک مثال اور رہنمائی کا ذریعہ ہے۔
سماجی و رفاہی تنظیم "واک ٹوگیدر" سدھارتھ نگر کے صدر انجینئر اقرار خان نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے ہی ہم سر سید کے مشن کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سر سید احمد خان نے اپنی عملی زندگی سے قوم کو جدید تعلیم، سائنسی شعور اور قومی یکجہتی کا پیغام دیا۔
آخر میں شرکائے نشست نے سر سید احمد خان کے مشن کو آگے بڑھانے اور نئی نسل میں ان کی فکر و نظریات کو عام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
(رپورٹ: اشرف علی بستوی، چیف ایڈیٹر – ایشیا ٹائمز)

0 comments