مسلم دانشوران کونسل 250 سے زائد اشاعتوں اور سیمینار سیریز کے ساتھ عالمی کتاب میلہ، نئی دہلی 2025 میں شرکت کرے گی
نئی دہلی : (ایشیا ٹائمز نیوز ڈیسک ) مسلم دانشوران کونسل مسلسل تیسرے سال عالمی کتاب میلہ، نئی دہلی 2025 میں شرکت کے لیے تیار ہے، جو یکم فروری سے 9 فروری 2025 تک بھارت منڈپم کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگا۔ یہ میلہ خطے کے سب سے نمایاں اور بڑے ادبی پروگراموں میں سے ایک ہے، جو دنیا بھر سے ناشرین، مصنفین اور دانشوروں کو ثقافتی تبادلے اور فکری مباحثے میں شامل ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
اس ایونٹ کا اہتمام نیشنل بک ٹرسٹ آف انڈیا کی جانب سے وزارت تعلیم کے تحت، انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔مسلم دانشوران کونسل کے پویلین میں اس کے اشاعتی ادارے، الحکمہ مطبوعات کی جانب سے 250 سے زائد مطبوعات پیش کی جائیں گی۔ ان اشاعتوں میں مذہبی تنوع، امن کے مطالعات، بین المذاہب تعلقات اور اسلامی علوم پر مبنی کتابیں شامل ہیں۔
اس میں جامعہ ازہر کے امامِ اکبر اور مسلم دانشوران کونسل کے چیئرمین، عزت مآب پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب کی تصنیفات کے ساتھ ساتھ معاصر عالمی چیلنجز اور بین المذاہب مکالمے کو فروغ دینے سے متعلق دیگر اہم کتابیں بھی شامل ہیں۔ترجمے کو تہذیبوں کے درمیان ایک پل کے طور پر اس کے اثرات کو تسلیم کرتے ہوئے، مسلم دانشوران کونسل ہندی، اردو اور ملیالم میں 21 کتابیں بھی نمائش کے لیے پیش کرے گی، جن میں 2025 کے لیے چھ نئی مطبوعات شامل ہیں۔ ان میں نمایاں عنوانات "اسلام اور خواتین کے حقوق"، "آزادی اور شہریت: تنوع اور انضمام"، اور "القول الطیب" شامل ہیں، جنہیں خاص طور پر عالمی کتاب میلہ، نئی دہلی 2025 کے لیے ہندی اور اردو میں شائع کیا گیا ہے۔مزید برآں، کونسل کئی اہم ترجمہ شدہ تصنیفات بھی پیش کرے گی، جن میں "دی وائس آف چینج" اور "مشترکہ عالمی اقدار اور بین الاقوامی امن کی تشکیل" شامل ہیں، جنھیں محققین کی ایک جماعت نے تحریر کی ہیں۔
دیگر ترجمہ شدہ کتابوں میں "یورپ میں اسلامو فوبیا کا مقابلہ" (مختلف محققین کی تصنیف)، "اسلام اور گڈ گورننس" (پروفیسر ڈاکٹر مقتدر خان کی تصنیف)، اور "اسلام، مغرب اور رواداری: بقائے باہمی کا تصور" (ایرون ٹائلر کی تصنیف) شامل ہیں۔اپنی شرکت کے ایک حصے کے طور پر، کونسل ایک سیمنار سیریز کی بھی میزبانی کرے گی، جس کا مقصد سماجی ہم آہنگی، ماحولیاتی ذمہ داری، اور جدید چیلنجوں سے نمٹنے میں مذہب کے کردار پر بامعنی مباحثوں کو فروغ دینا ہے۔ 2 فروری کو منعقد ہونے والے پہلے سیمنار کا عنوان ہوگا "سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں میں فروغِ امن اور انتہا پسندی کے خلاف اقدامات"۔ اس مباحثے میں دینک بھاسکر کے ڈپٹی ایڈیٹر مکیش کوشک، جواہر لال نہرو یونیورسٹی نئی دہلی کے سینٹر فار ویسٹ ایشین اسٹڈیز کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ حمید، اور انڈیا عرب کلچرل سینٹر کے بانی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ذکر الرحمن شرکت کریں گے، جو اس گفتگو کی میزبانی بھی کریں گے۔دوسرا سیمینار بعنوان "دستاویز برائے انسانی اخوت - رواداری اور بقائے باہمی کی بنیاد‘‘ 4 فروری کو منعقد ہوگا، جو بین الاقوامی یومِ انسانی اخوت کے موقع پر ہوگا۔ یہ دن اس تاریخی لمحے کی یاد دلاتا ہے جب 2019 میں جناب پروفیسر ڈاکٹر احمد الطیب اور پوپ فرانسس نے دستاویز برائے انسانی اخوت پر دستخط کیے تھے۔
اس سیمینار میں ممتاز شخصیات خطاب کریں گی، جن میں جسکیرت سنگھ، جو ایک روحانی محقق اور امن کے حامی ہیں، ڈاکٹر حناپروین، جو ایک ماہرِ تعلیم اور نمایاں سماجی کارکن ہیں، اور گوسوامی سشیل مہاراج جی، جو انڈین پارلیمنٹ آف ریلیجنز کے قومی کنوینر ہیں، شامل ہیں۔تیسرا سیمینار بعنوان "ایمان اور ماحولیات: ایک پائیدار مستقبل کے لیے مشترکہ ذمہ داریاں‘‘ 7 فروری کو منعقد ہوگا۔ اس مباحثے میں شرکت کرنے والی نمایاں شخصیات میں پروفیسر ڈاکٹر شبھدا چودھری، جو دہلی یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر اور مڈل ایسٹ انسائٹس کی بانی ہیں، کے. پی. فابیان، جو سابق سفیر اور مہاتما گاندھی یونیورسٹی میں بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر ہیں، اور پروفیسر ڈاکٹر سید عرفان حبیب، جو ایک نامور مورخ اور دانشور ہیں، شامل ہوں گے۔
مسلم دانشوران کونسل کی عالمی کتاب میلہ، نئی دہلی 2025 میں شرکت اس کے علمی اور ثقافتی تبادلے کے عزم کو ظاہر کرتی ہے، جو مکالمے کو فروغ دینے اور رواداری، امن اور بقائے باہمی کی اقدار کو عام کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ اپنی متنوع مطبوعات، ترجمہ شدہ تصنیفات، اور فکری مباحثوں کے ذریعے، کونسل مختلف تہذیبوں کو جوڑنے اور عالمی سطح پر مشترکہ انسانی اقدار کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔کونسل کا پویلین (I-04) بھارت منڈپم کنونشن سینٹر، پرگتی میدان، نئی دہلی میں ہال نمبر چار (4 )میں واقع ہوگا۔

0 comments