مقبول احمد ایم ایچ انار والا سوسائٹی فور برائٹ فیوچر کے نئے صدر منتخب

 

 

 نئی دہلی : سوسائٹی فور برائٹ فیوچر  کے سالانہ اجلاس عام میں جناب مقبول احمد ایم ایچ انار والا (ریٹائرڈ آئی پی ایس) کو سوسائٹی کا نیا صدر منتخب کیا گیا۔ وہ گجرات پولیس میں  آئی پی ایس آفیسر تھے ۔ انہوں نے ایم کام ، ایل ایل ایم اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے اور گجرات کے مختلف شہروں میں انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) ، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پولیس ٹریننگ کالج ، بلقہ (جوناگڑھ) میں پرنسپل کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

انہوں نے پولیس فورس کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں بھی تربیت دی ہے اور انہیں اس طرح کی ٹرینگ  کا وسیع تجربہ حاصل ہے ۔وہ مختلف رضاکارانہ خدمات اور فلاحی کاموں میں بھی شامل رہے ہیں ۔جناب مقبول احمد صاحب نے جہاں بھی اپنی خدمات انجام دی ہیں، اُس شعبے میں زبردست کام کیا ہے۔ وہ آرٹ اور ادب سے بھی کافی گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

سوسائٹی فار برائٹ فیوچر ایک غیر منافع بخش این جی او ہے جو سن 2008 میں ویژن 2016 اسکیم کے تحت قائم اور رجسٹرڈ ہے۔ یہ ہنگامی امداد اور باز آباد کاری کے میدان میں کام کرنے والا ایک خصوصی اور اپنے میدان میں وقف  قومی ادارہ ہے۔ یہ تنظیم ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر امدادی سامان پہنچانے کی صلاحیت کو بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔

 اس سے قبل ایس بی ایف نے بہار ، آسام ، آندھرا پردیش ، دہلی اور اترپردیش میں قدرتی آفات سے نمٹنے میں ابتدائی طبی امداد ،  باز آباد کاری ، کمبل ، پانی ، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرکے فعال کردار ادا کیا ہے۔

اس سال سوسائٹی فور برائٹ فیوچر نے 14 مارچ 2021 کو صاف بھارت “ہر قدم سوچھتا کی اور” کے لئے ایک سال کی قومی مہم چلائی ہے ۔ اس کا مقصد مقامی سطح سے لیکر قومی سطح تک ایک صاف ستھرا ماحول پیدا کرنا ہے۔ صاف صفائی کا فقدان  بہت سی بیماریوں کو جنم دے رہا ہے۔ آج کل کوڑا کرکٹ حکومت کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ ہمارا بھی فرض ہے کہ ہم اٹھ کھڑے ہوں اور معاشرے کے لئے پہل کریں۔ ایس بی ایف مقامی حکومت کے اداروں ، کارپوریٹس ، مقامی کمیونٹی رہنماؤں اور نچلی سطح کے رضاکاروں کے اشتراک سے ملک میں 100 مختلف مقامات پر پائیدار صفائی مہم چلانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

 

0 comments

Leave a Reply