مہاراشٹر: پربھنی میں ہنومان مندر کے سامنے قائم سبھا منڈپ گرا، 7 افراد ہلاک، 30 زخمی

ہنومان مندر میں بڑی تعداد میں عقیدت مند موجود تھے، متعدد افراد ملبے تلے دب گئے

پربھنی: ریاست مہاراشٹر کے ضلع پربھنی سے ایک افسوسناک حادثے کی خبر سامنے آئی ہے۔ پربھنی کے مانوت تعلقہ کے یش واڑی علاقے میں واقع مشہور ہنومان مندر کے سامنے تعمیر کیا گیا سبھا منڈپ اچانک منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم سات عقیدت مند ہلاک اور 30 دیگر زخمی ہو گئے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے جنگی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

پربھنی ضلع کے مانوت تعلقہ میں واقع یش واڑی کا ہنومان مندر پورے مہاراشٹر میں خاص شہرت رکھتا ہے، جہاں ہر ہفتے بڑی تعداد میں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔ ہفتہ ہونے اور ویک اینڈ کی تعطیلات کے باعث ریاست کے مختلف علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ پوجا کے لیے آئے ہوئے تھے۔

اسی دوران مندر کے سامنے قائم سبھا منڈپ اچانک گر پڑا، جس سے وہاں موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔

https://x.com/ashraf_bastavi/status/2068339607641698720?s=20

 

حادثے کے نتیجے میں کم از کم سات افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انتظامیہ نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں اور ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے کا عمل جاری ہے۔

مانوت کے تحصیلدار پانڈورنگ موچیواڑ کے مطابق زخمی ہونے والے تقریباً چھ عقیدت مندوں کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے بروقت موقع پر پہنچ کر مربوط کارروائی کے ذریعے ملبے میں پھنسے افراد کو نکالا۔

ابتدائی اطلاعات میں زخمیوں کی تعداد 8 سے 10 بتائی گئی تھی، تاہم بعد میں یہ تعداد بڑھ کر 30 تک پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکار مسلسل اس بات کو یقینی بنانے میں مصروف ہیں کہ منہدم ڈھانچے کے نیچے کوئی اور شخص پھنسا ہوا نہ ہو۔

حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

0 comments

Leave a Reply