ہیومن ویلفیر فاونڈیشن نے پہلے مرحلے میں 69 طلبا کو اسکالر شپ کے چیک دیے
تعلیم یافتہ نسل ہی مستقبل کے چیلنجوں کا بہتر ڈھنگ سے مقابلہ کر سکتی ہے/ اعجاز احمد اسلم
نئی دہلی : (پریس ریلیز) ہیومن ویلفیر فاونڈیشن نے ملک گیر سطح پر اپنی یوجی / پی جی اسکالر شپ تقسیم کا عمل شرع کردیا ہے ، دہلی سمیت ملک کی کئی ریاستوں میں طلبا کے درمیان پہلے مرحلے میں 69 چیک تقسیم کیے گئے ۔
دہلی میں اسکالر شپ تقسیم کا یہ پروگرام ابوالفضل انکلیو واقع فاونڈیشن کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوا جس میں دہلی و ہریانہ کے 31 طلبا کو اسکالر شپ کے چیک دیے گئے ۔ اس کے علاوہ مغربی بنگال ، گجرات ، مدھیہ پردیش میں بھی طلبا کو چیک دیے گئے ۔ پہلے مرحلے میں 69 چیک تقسیم کیے گئے ہیں جس میں یوجی کے 52 طلبا اور پی جی کے 17 طلبا شامل ہیں ۔
دہلی میں منعقد اس پروگرام میں انگریزی جریدہ ریڈیئنس کے چیف ایڈیٹر اعجاز احمد اسلم کے بدست طلبا نے چیک حاصل کیے ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے طلبا کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت اپنی سماجی ذمہ داریوں کو سمجھنے اور اسے ادا کرنے کا ہے ایک تعلیم یافتہ نسل ہی آئندہ کے چیلنجوں کا بہتر ڈھنگ سے مقابلہ کر سکتی ہے ۔
یہ اسکالر شپ ملک کی 18 ریاستوں کے طلبا کے درمیان اسکالر شپ دی جاتی ہے ، جس میں ہیومنٹیزکے مضامین پڑھنے والے طلبہ و طالبات منتخب کیے جاتے ہیں ۔
فاونڈیشن گزشتہ 14 برس سے یہ اسکالر شپ دے رہا ہے۔ 2006 میں اس کی شروعات کی تھی ، ہر سال 500 طلبا کو اسکالر شپ کا فائدہ پہونچتا ہے ۔ یوجی کورس کے لیے سالانہ 10 ہزار اور پی جی کورس کے لیے سالانہ 15ہزار دیا جاتا ہے ۔ پروگرام میں ہیومن ویلفیر فاونڈیشن کے سینئر مینجر ایجوکیشن سلیم اللہ خان ، اسکالرشپ کو آرڈینیٹر عبدالکریم نے شرکت کی ۔

0 comments