فرمان چودھری کو دہلی یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض
فرمان چودھری کو ان کے تحقیقی مقالے ”ہندوستان کے مقبولِ عام کلچر میں اردو کا فروغ: جاوید اختر کے خصوصی حوالے سے“ کیلئے پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی ہے
نئی دہلی : دہلی یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر فرمان چودھری کو ان کے تحقیقی مقالے ”ہندوستان کے مقبولِ عام کلچر میں اردو کا فروغ: جاوید اختر کے خصوصی حوالے سے“ کیلئے پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی ہے۔
فرمان چودھری نے اپنا مقالہ صدر شعبہئ اردو اور آرٹ فیکلٹی کے ڈین پروفیسر ارتضیٰ کریم کی نگرانی میں مکمل کیا ہے۔ اس تحقیقی مقالے کے ممتحن کشمیر یونیورسٹی کے پروفیسر قدوس جاوید تھے۔ فرمان چودھری نے ورچوول وائیوا میں ممتحن کے سوالات کا تشفی بخش جواب دیا۔ بعدازاں شعبہ کے اساتذہ اور اسکالرز نے فرمان چودھری کو ایک مشکل موضوع پر کام کرنے کے لئے مبارکباد دی۔
اس موقع پر صدر شعبہ اردو پروفیسر ارتضیٰ کریم کے ساتھ ساتھ شعبہ اردو کے دیگر اساتذہ اور اسکالرز بھی موجود تھے۔ قابل ذکر ہے کہ مشہور اسکرپٹ رائٹر اور نغمہ نگار جاوید اختر کی اردو خدمات پر ہندوستان میں پہلی پی ایچ ڈی کی گئی ہے۔
فرمان چودھری نے اپنے والدین، اساتذہ اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا ہے، جن کی شفقت اور توجہ نے مقالے کے دشوار گزار مراحل میں ان کی مدد کی اور مقالے کو خوش اسلوبی سے پایہ ئ تکمیل تک پہنچانے میں اہم رول ادا کیا۔
فرمان چودھری اپنی شاعری کے حوالے سے ممتاز شناخت رکھتے ہیں۔ ان کے اشعار عوام کے ساتھ ساتھ ادبی حلقوں میں دادوتحسین حاصل کر چکے ہیں۔ فرمان چودھری اس سے قبل دہلی یونیورسٹی کے شعبہئ اردو سے ہی ”ساحر لدھیانوی کی مزاحمتی شاعری“ کے موضوع پر تحقیقی مقالہ لکھ کر ایم فِل کی ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔ فرمان چودھری کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض کئے جانے پر علمی و ادبی حلقوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

0 comments