اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی میں بی اے آنرز اردو پروگرام کا افتتاح
نئی دہلی : (ایشیا ٹائمز) اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی کے اسکول آف ہیومنٹیزمیں ڈسپلن آف اردو کے زیراہتمام اگنو کے وائس چانسلر پروفیسر ناگیشور راؤ کی سربراہی اور اسکول آف ہیومنٹیز کی ڈائریکٹر پروفیسر مالتی ماتھر کی رہنمائی میں 25 جنوری 2022 کو ساڑھے گیارہ بجے صبح بی اے آنرز اردو پروگرام لانچ کیا جارہا ہے۔
یہ پروگرام نئی تعلیمی پالیسی اور یوجی سی کی ہدایات کے مطابق تیار کیا گیا ہے جس میں کلاسیکی، نوکلاسیکی، ترقی پسند اور جدید ادب کے ساتھ اردو کی تمام شعری و نثری اصناف اور نمائندہ شعراء و ادباء کا خصوصی مطالعہ شامل ہے۔ اس پروگرام میں اردو صحافت، پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے مطالعہ کا بھی موقع فراہم کیا گیا ہے۔
یہ پروگرام طلبا و طالبات کے لئے اعلی تعلیم کی راہ ہموار کرنے میں معاون ہوگا۔ یہ پروگرام مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے مختلف محکموں جیسے عدالت، میونسپل کارپوریشن، وقف بورڈ، آثار قدیمہ، انٹلی جنس ایجنسی، ڈیفنس سروسز جیسے آرمی، ایئرفورس، نیوی اور لائبریری، تدریس، صحافت، فلم، تھیٹر اور ٹیلی ویژن کے میدان میں ملازمت کی راہ ہموار کرے گا۔ یہ پروگرام 148کریڈٹ پہ مبنی 26کورسز پہ مشتمل ہے جس میں 14کور کورسز، 4 الیکٹو (Elective)کورسز، 4جنرک الیکٹو (Generic Elective)کورسز، 2 ایبیلٹی انہینس منٹ (Ability Enhancement)کورسز اور 2اسکل انہینس منٹ (Skill Enhancement)کورسز ہیں۔اس پروگرام میں داخلہ کسی بھی سرکاری منظورشدہ بورڈ سے ملحق ادارے سے انٹرمیڈیٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
اس پروگرام کو کم سے کم تین سالوں اور زیادہ سے زیادہ چھ سالوں میں پورا کیا جاسکتا ہے۔ اس پروگرام کی سالانہ فیس 3800 روپے ہے۔ اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی کی جانب سے اس اہم تعلیمی پروگرام سے زیادہ سے زیادہ طلباء و طالبات کو مستفید ہونے کا بھرپور موقع فراہم ہوگا۔ اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونورسٹی میں اردو زبان و ادب کی تعلیم کا نظم ہے۔ اردو ایک سبجیکٹ کے طور پہ شامل نصاب ہے۔ اگنو فاصلاتی نظام تعلیم کا ایک بڑا ادارہ ہے۔دوسرے تمام سبجیکٹ کے ساتھ اردو کی تعلیم کا نظام بھی ہے۔
لیکن اردو کی تعلیم کے تعلق سے کچھ مسائل بھی ہیں اور بے شمار امکانات بھی۔اردو زبان و ادب کی تعلیم کا سلسلہ اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی میں ہے۔ ستمبر 1985میں اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی کا قیام عمل میں آیا۔ یونیورسٹی کا اولین مقصد ہے ملک کے دور دراز علاقوں میں بسنے والی عوام کی کثیر تعداد کو کم سے کم خرچ میں گھر بیٹھے اعلیٰ اور معیاری تعلیم فراہم کرنا۔اندرا گاندھی اوپن یونیورسٹی ہندوستان میں فاصلاتی نظامِ تعلیم کے اہم ابتدائی اداروں میں سرِ فہرست ہے۔اسے”عوام کی یونیورسٹی“کے نام سے جانتے ہیں۔
اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی میں مختلف موضوعات کی تعلیم کے لیے 21 اسکول قائم کیے گئے ہیں۔پورے ملک میں اس کے67 ریجنل سینٹرز اور2667 اسٹڈی سینٹرز ہیں۔ ہندوستان سے باہر 15 ممالک میں اس کے 29 اسٹڈی سینٹرز ہیں جن میں یو کے، سعودی عربیہ، بحرین، اومان، قطر، ماریشس، کینیا، ملیشیا، چین، نیپال، سری لنکا وغیرہ اہم ہیں۔
اس وقت اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی میں تقریباً 40 لاکھ طلباء مختلف پروگراموں کے تحت زیرِ تعلیم ہیں۔اگنو کے شعبہ اردو میں ڈاکٹر عبد الحفیظ، ڈاکٹر قدسیہ نصیر، ڈاکٹر لیاقت علی، ڈاکٹر دھرم ویر، ڈاکٹر احمد علی جوہر اور ڈاکٹر شاکر علی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ناگیشور راؤ اور ڈائریکٹر پروفیسر مالتی ماتھر کی سرپرستی میں اگنو میں اب اردو میں پی ایچ ڈی کی سہولت بھی ہو گئی ہے۔ نیا کورس تیار کیا گیا ہے جس میں ملک بھر کے ممتاز اسکالرز نے اگنو کی درخواست پر اپنا قلمی تعاون دیا ہے۔ فاصلاتی نظام تعلیم کو اپنا کر کیرئر بھی بنانے کی ضرورت ہے اور اردو سے اپنے رشتوں کو مضبوط تر کرنے کا بھی موقعہ ہے۔

0 comments