آسام جمعیۃ علماء نے آکسیجن کا مفت انتظام کیا

لوگوں نے آسام جمعیۃ علماء کی خدمات کو سراہتے ہوئے مولانا مشتاق انفر کا شکریہ ادا کیا

نئی دہلی /گوہاٹی :آسام میں آکسیجن کی مشکلات اور لوگوں کی پریشانیوں کو دیکھتے ہوئے آسام جمعیۃ علماء کے صدر مولانا مشتاق انفر نے ایک تاریخی پہل کی ہے۔ انہوںنے آسام کے لوگوں خاص کر ہزئی کے لوگوں کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے ممبئی سے آکسیجن منگوانے کا فیصلہ کیا ۔ مولانا مشتاق انفر نے  سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ کے
ذریعہ سے بتایاکہ ممبئی سے آکسیجن کا انتظام کرکے ہزئی پہونچادیا گیا ہے،
تاکہ جن لوگوں کو آکسیجن کی کمی کی وجہ سےمشکلات در پیش تھیں ان کو راحت مل سکے۔ مولانا مشتاق انفر نے بتایاکہ جمعیۃ علماءریلیف کا سارا کام اپنے صدر محترم مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر کرتی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ جب بھی آسام میں لوگوں کو دقتیں پیش آتی ہیں فوراً مولانا سید ارشد مدنی صدر محترم جمعیۃ علماء ہند کا حکم ہوتا ہے کہ لوگوں کے درمیان جا کرکے ان کی مدد کرو اور ذات برادری اور مذہب و مشرب سے اوپر اٹھ کرکے مدد کرو ۔ یہی محمد الرسول اللہ ﷺکی سنت ہے۔ مولانا مشتاق انفر نے بتایاکہ ہم نے ہمیشہ کی طرح صدر محترم کے حکم پر عمل کرتے ہوئے لوگوں کو آکسیجن فراہم کرانے کا فیصلہ کیا۔ممبئی سے آکسیجن کا انتظام کیا گیا ۔
انہوں نے بتایاکہ جن لوگوں کو بھی آکسیجن کی ضرورت ہے انہیں طبی نسخہ دکھانے کے بعد آکسیجن مفت مہیا کرائی جاتی ہےاو ر ان سے کسی بھی طرح کی کوئی قیمت اصول نہیں کی جاتی ہے۔ مولانا مشتاق انفر نے بتایاکہ بس شرط یہ ہے کہ ڈاکٹر نے آکسیجن کی کمی کی تشخیص کی ہو۔ انہوںنے بتایاکہ جمعیۃ علماءہمیشہ لوگوں کے درمیان کھڑی رہتی ہے ۔ یہی کام جمعیۃ علماءنے این آر سی کے دوران بھی کیااور آسامیوں کی لڑائی عدالت میں ہر موڑ پر لڑی تاکہ ان کو انصاف مل سکے۔
مولانا انفر کے اس قدم کی لوگ سوشل میڈیا پر کافی ستائش کررہے ہیں اور ان کو مبارکباد پیش کررہے ہیں۔ مولانا نے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ یہ کام اللہ کو راضی کرنے کیلئے کررہے ہیں اور جمعیۃ علماء کا یہی مشن ہے کہ اس کا خالق راضی ہو اور خالق کے بندے خوش رہیں۔

0 comments

Leave a Reply