اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کاچھ روزہ ورکشاپ اختتام پذیر

                نئی دہلی: اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ جامعہ ملیہ اسلامیہ اور ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ کا چھ روزہ ورکشاپ  برا ئے ابتدائی درجے  کی اردوزبان وادب  میں  درسی کتب ،  اختتام پزیر ہوا۔ورکشاپ کے اختتامی اجلاس کا آغاز مولانا محمد شفیق عالم ندوی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔

اجلاس کی صدارت  جماعت اسلامی ہند کے مرکزی تعلیمی بورڈ کے اسسٹنٹ سکر یٹری جناب انجینئر سلیم اللہ خان نے فرمائی۔انھوں نے صدارتی خطبے میں کہا کہ اخلاقی قدروں کو پروان چڑھانا،تہذیبی قدروں سے روشناس کرانا اور عہد حاضر کے تقاضوں کے مطابق ذہنی و فکری تربیت کرنا ہی تعلیم کے بنیادی مقاصد ہیں

انھوں نے مزید کہا کہ اس کے لیے ضروری ہے کہ دوردراز علاقوں کے اسکولوں میں جوا ساتذہ تدریسی فرائض انجام دے رہے ہیں ان کی تدریسی صلاحیت کوفروغ دینے کے لیے انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشن ٹکنالوجی کے وسائل سے استفادہ کرنا ضروری ہے تاکہ شہر اور گاؤں کے طلبا کی یکساں ذہنی تربیت ممکن ہوسکے۔اس موقع پراکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اعزازی ڈائریکٹرپروفیسر احمد محفوظ نے اظہار خیال کرتے ہوئے فرمایا کہ اعلی درجوں کی کتابوں کی بہ نسبت ابتدائی درجوں کی کتابوں کی تیاری زیادہ مشکل کام ہے۔بچوں کی نفسیات،ان کی دلچسپی اور ذہنی سطح کو ملحوظ رکھ کر درسی کتب تیار کرنے کے لیے علمی صلاحیت اور عملی تجربے کی ضرورت پڑتی ہے۔

اس لیے اس ورکشاپ میں یونیورسٹی اوراسکول کے اساتذہ کے ساتھ ساتھ تربیتی اداروں کے ماہرین کی شمولیت کو یقینی بنایا گیا۔ڈاکٹر آصف زہری،ایسو سی ایٹ پروفیسر جواہر لال نہرو یونیورسٹی نئی دہلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس ورکشاپ میں تیار کی گئی ابتدائی درجے کی کتاب بلا شبہ بہت اچھی ہے۔اردو زبان سیکھنے میں یہ کتاب طلبا کے لیے بہت مفید ثابت ہوگی۔محترمہ عائشہ رحمان،ٹی جی ٹی،مڈل اسکول جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی نے اس موقع پر کہاکہ اردو میں درسی کتابیں تو بہت دستیاب ہیں لیکن ابتدائی درجوں کی کتابیں کئی نقطہئ نظر سے نظر ثانی کا تقاضا رکھتی ہیں۔یہ خوشی کی بات ہے کہ اس ورکشاپ میں تمام  پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے کتاب تیار کی جارہی ہے.

اجلاس کے آغاز میں پروگرام کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر حنا آفریں،استاد،اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ جامعہ ملیہ اسلامیہ،نئی دہلی نے کوآرڈی نیٹر رپورٹ پیش کرتے ہوئے چھ روزہ ورکشاپ کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور اس درسی کتاب کی تیاری میں جن اصول و ضوابط کو پیش نظر رکھا گیا ان کا اجمالی ذکر بھی کیا۔  اختتامی اجلاس کی نظامت کے فرائض اکادمی کے استاد ڈاکٹر واحد نظیرؔ نے انجام دیے۔انہوں نے انتہائی خوش اسلوبی سے جلسے کو اپنے انجام تک پہنچایا۔ پروگرام کے اختتام پر ورکشاپ کے شرکا کو شرکت کی سند بھی دی گئی۔ آخر میں مرکزی تعلیمی بورڈ کے کوآرڈی نیٹرمولانا انعام اللہ فلاحی نے شرکا اورسامعین اجلاس کا شکریہ ادا کیا۔

اس ورک شاپ میں پروفیسر احمدا محفوظ، ڈاکٹر آصف زہری، مولانا انعام اللہ فلاحی،مولانا شفیق عالم ندوی،ڈاکٹر واحد نظیر، ڈاکٹر حنا آفریں،ڈاکٹر نوشاد عالم،محترمہ عائشہ رحمان، ڈاکٹر محمد عارف اورڈاکٹر سلمیٰ رفیق نے شرکت کی۔مولانا انعام اللہ فلاحی کے شکریے کے ساتھ ہی اختتامی اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

 

0 comments

Leave a Reply