عبدالمنان مؤقر اردو ماہنامہ ’آجکل‘ کے مدیر مقرر

وزارت اطلاعات و نشریات کے پبلیکیشن ڈویژن کا بڑا فیصلہ، اردوحلقوں میں خوشی کی لہر

نئی دہلی : 

پبلکیشن ڈویژن، وزارت برائے اطلاعات و نشریات، حکومت ہند نے عبدالمنان کو اپنے مؤقر اردو ماہنامہ ’آجکل‘ کا مدیر نامزد کیا ہے۔ اس اطلاع پراردو دنیا میں مسرت کا اظہار کیا جا رہا ہے اور یہ امید کی جا رہی ہے کہ گذشتہ کئی برسوں سے جمود کا شکار یہ رسالہ اپنے تابناک ماضی کی جلد بازیافت کر لے گا۔ واضح رہے کہ اردو کے اس سرکاری رسالے کی ادارت سے درجنوں ممتاز ادیب و شعرا وابستہ رہے ہیں جن میں جوش ملیح آبادی، عرش ملسیانی، معین احسن جذبی، شان الحق حقی، راج نارائن راج، محبوب الرحمن فاروقی، ابرار رحمانی اور خورشیداکرم وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں۔

عبدالمنان ایک طویل ادبی اور صحافتی تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ قبل ازیں پبلکیشن ڈویژن کے ماہنامہ ’یوجنا‘ کے انگریزی اور اردو دونوں زبانوں کے مدیر رہ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وزارت برائے اطلاعات و نشریات کے مختلف رسائل میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ وزارت برائے اطلاعات و نشریات کے مہم افسر اور ''سینک سماچار'' (وزارت دفاع) کے سب ایڈیٹر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ انھوں نے فیلڈ ایگزیبیشن افسر کے طور پر دہلی اور جموں میں اپنی انتظامی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ ڈی ڈی نیوز، دہلی سے 6 سال وابستہ رہے اور اس دوران ایک قلیل مدت کے لیے دور درشن کی علاقائی نیوز اکائی، رانچی کے نیوز ایڈیٹر اور آر این یو انچارج بھی رہے۔ عبدالمنان ایک طویل صحافتی تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کا تعلق بیک وقت اخبارات و رسائل، ریڈیو اور ٹیلی ویژن تینوں وسائل ابلاغ سے رہا ہے۔ انھوں نے فیچر اینڈ نیوز الائنس (فانا)، روزنامہ ''عوام''، روزنامہ ''سب کا اخبار'' اور ماہنامہ ''افکار ملی'' میں سب ایڈیٹر کی حیثیت سے اپنی غیر معمولی صحافتی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ وہ جزوقتی طور پر آل انڈیا ریڈیو سے کئی حیثیتوں سے منسلک رہے۔ انھوں نے آل انڈیا ریڈیو میں مختلف مواقع پر بطور بُلیٹن ایڈیٹر، سب ایڈیٹر، کمینٹری ٹرانسلیٹر اور ڈسٹرکٹ پروفائل سیریز کے پہلے رائٹر  کے بطور بحسن و خوبی اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ عبدالمنان یو این آئی اردو سروس کے سب ایڈیٹر اور ہندی ماہنامہ ’یووا درشٹی‘ کے بانی مدیر بھی رہے۔

انھوں نے  یو جی سی کے فیلوشپ کے ساتھ دہلی یونیورسٹی سے ایم۔فل (اردو)، للت نرائن متھلا یونیورسٹی، دربھنگہ سے ایم۔اے (اردو)، ارریہ کالج، بہار سے بی۔اے اور انٹر میڈیٹ کی ڈگری حاصل کی اور بشن پور ہائی اسکول، کشن گنج، بہار سے میٹرک کا امتحان پاس کیا۔ ان کی ابتدائی تعلیم بیگنا اَپر پرائمری اسکول اور بلیا مڈل اسکول میں ہوئی۔

عبد المنان کی پیدائش 5 جنوری 1969ء میں بہار کے ضلع کشن گنج کے مشہور علمی و ادبی گاؤں بیگنا میں ہوئی۔ انھیں رسمی تعلیم کے علاوہ مختلف پیشہ ورانہ مہارتوں سے غیر معمولی دل چسپی رہی۔ اسی شوق و ذوق کی تکمیل کے لیے انھوں نے جے۔این۔یو، دہلی کے مرکز برائے ہندوستانی السنہ سے ایڈوانس ڈپلوما آف پروفیسینشی ان ماس میڈیا (اردو) میں اول مقام حاصل کیا۔ دہلی یونیورسٹی سے ریفریشر کورس آف ٹرانسلیشن سے بھی مستفید ہوئے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ، ڈاکٹر ذاکر حسین لائبریری سے بیچلر آف لائبریری سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سند بھی حاصل کی اور الحمراء انسٹی ٹیوٹ، جنوبی دہلی سے ڈپلوما ان کمپیوٹر ایپلیکیشن کا کورس بھی مکمل کیا۔

اس کے علاوہ انھیں کشن گنج، میوات، آسام اور پونے کے مسلمانوں کے سیاسی، سماجی، معاشی اور ثقافتی مطالعات سے خصوصی دل چسپی رہی۔ یہی وجہ ہے کہ ان موضوعات پر انھوں نے لائق تحسین تحقیقی خدمات بھی انجام دیں۔

عبد المنان جیسے طویل صحافتی تجربے کے حامل ماہر صحافی اور ادیب کو ماہنامہ ’آجکل‘ کے مدیر نامزد کیے جانے پرملک بھر سے سوشل میڈیا پر مبارکبادیوں کا سیلاب امڈ آیا ہے اور ان سبھی نے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے کہ ماہنامہ ’آجکل‘ اپنے کھوئے ہوئے معیار کو پوری آب و تاب کے ساتھ بحال کرے گا۔

0 comments

Leave a Reply