یونانی ڈرگس مینوفیکچررس ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک روزہ ورچوول ۔ ہائبرڈ جشن اُڈما نہایت تزک و احتشام کے ساتھ بخوبی اختتام پذیر ہوا
یونانی ڈرگس مینوفیکچررس ایسوسی ایشن (اُڈما) کی جانب سے 11 اکتوبر کو ورچوول و ہائبرڈ پروگرام بمقام۔ ہمدرد آرکائیوز آڈیٹوریم، جامعہ ہمدرد، نئی دہلی بحسن و خوبی انجام پایا۔ صبح 10 بجے جناب حکیم محسن دہلوی (جنرل سکریٹری، اُڈما) جو نظامت کے فرائض انجام دے رہے تھے، نے اپنے تمہیدی کلمات کے ساتھ افتتاحی سیشن کی شروعات کی۔
جناب حکیم اعجاز احمد اعجازی (چیئر مین شعبہ نشر و اشاعت، اُڈما) نے تلاوت کلام پاک مع انگریزی و اردو ترجمہ سے پروگرام کا باضابطہ آغاز کیا۔
مہمان خصوصی جناب ڈاکٹر منجپارا مہندر بھائی مرکزی وزیر مملکت آیوش اور محکمہ برائے بہبودی خواتین و اطفال، حکومت ہند جبکہ مہمانانِ ذیشان کی حیثیّت سے جناب عاصم علی خاں (ایڈوائزرـ یونانی و ڈائریکٹر جنرل، سی سی آریوایم)، جناب ڈاکٹر وید راجیش کوٹیچا ( سکریٹری۔ وزارت آیوش، حکومت ہند) جناب ڈاکٹر راجکمار منچندا (ڈائریکٹر۔ ڈائریکٹوریٹ آف آیوش، حکومت قومی خطّہ دہلی) جناب حامد احمد (چانسلر۔ جامعہ ہمدرد و صدرـ اُڈما) اور جناب آبشار عالم (وائس چانسلر، جامعہ ہمدرد) اسٹیج پر جلوہ افروز تھے۔
جناب مقبول حسن (نائب صدر، اُڈما)، جناب محمّد عارف (پیٹرون، اُڈما)، جناب پرویز احمد خاں (ممبر۔گورننگ باڈی، اُڈما و نائب چیئر مین۔ جشن یوم اُڈما)، جناب سیّد منیر عظمت (ممبر گورننگ باڈی، اُڈما و آرگنائزگ سکریٹری یومِ اُڈما)، جناب محمّد جلیس (ممبر گورننگ باڈی، کورڈینیٹر ـ ای. سووینئر)، جناب حکیم یثمانیل عثمانی (ممبر۔ اُڈما) نے بالترتیب مہمان خصوصی اور مہمانان ذی وقار نیز صدر محترم کو شجر/ بونسائی پلانٹ پیش کرکے عزّت افزائی کی۔جناب سیّد منیر عظمت نے اپنے تحسین آمیز کلمات پر مبنی خطبہ استقبالیہ میں مہمانان کا فرداً فرداً استقبال کرتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ ہمارے چاروں معزز و قابل احترام مہمانان کشادہ قلب اور متحرک شخصیت کے حامل ہیں اور طب یونانی کے بہی خواہان کی حیثیت سے ہمارے معاون اور سرپرست ہیں نیز یونانی پیتھی کی بقا اور ترقی کے لیے اپنے دل میں نیک جذبہ رکھتے ہیں۔ بعد ازاں وزیر محترم، مہمانان ذی وقار اور اُڈما کے عہدیداران کے ہاتھوں ای۔ سوینئر مع ای۔ آیوش میلہ کا رسمِ اجراء عمل میں آیا۔ جناب پروفیسر عاصم علی خاں کا خصوصی خطاب ہوا۔ اس کے بعد جناب ڈاکٹر راج۔ کے۔ منچندا، جناب پروفیسر آبشار عالم (وائس چانسلر، جامعہ ہمدرد) اور جناب وید راجیش کوٹیچا کے بیانات ہوئے۔بعد ازاں آل اندیا بی۔ یو۔ ایم۔ایس ٹاپرس کا اعلان کیا گیا اور سوئم، دوئم اور اوّل انعام یافتگان ڈاکٹر طوبٰی بلال وانی، ڈاکٹر مہوش ایّوب اور ڈاکٹر بشرٰی حسین کو ان کے والدین کی موجودگی میں بالترتیب 25,000، 35,000 اور 50,000 رقم مع میڈل عزّت مآب مرکزی وزیر مملکت وزارت آیوش و محکمہ برائے بہبود خواتین و اطفال، حکومت ہند کے ہاتھوں دیا گیا۔ ساتھ ہی وزیر موصوف نے خطاب فرمایا۔مہمان خصوصی، مہمانان ذی وقار، صدر اُڈما، مرکزی و صوبائی حکّام، اُڈما کے معاونین کو بطور عزّت افزائی شال اور مومینٹو پیش کئے گئے۔
جناب حامد احمد (صدر اُڈما و چانسلر جامعہ ہمدرد) اور جناب مقبول حسن (نائب صدرـ اُڈما) نے اپنے صدارتی خطبات میں قیام اُڈما کے مقاصد، سرگرمیاں اور مستقبل، کا خاکہ و لائحہ عمل کو تفصیل سے پیش کرتے ہوئے اراکین اُڈما کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی کاوشوں، جہد مسلسل اور بے لوث محنتوں کے نتیجے میں اس عظیم الشان پروگرام کا انعقاد ممکن ہوسکا۔افتتاحی سیشن کے اختتام پر جناب نبیل انور، جوائنٹ سکریٹری، اُڈما نے معزز مہمان خصوصی، مہمانان ذی وقار، شرکاء و ناظرین حضرات اور سرگرم اُڈما ٹیم کے ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں قومی ترانہ پیش کیا گیا۔
ایک گھنٹہ کے وقفہ کے بعد چار اہم موضوعات پر مشتمل علمی و فنی سیشن کا آغاز ہوا۔ مقرّرین میں جناب ڈاکٹر مسرّت علی، جناب پروفیسر عبداللطیف، جناب ڈاکٹر اسامہ احمد، اور جناب ڈاکٹر سعید احمد تھے جبکہ دوران خطابت چیئر پرسن کی حیثیّت سے جناب ڈاکٹر کے۔ ٹی۔ اجمل ، جناب پروفیسر ایس۔ ایم۔ عارف زیدی، جناب ڈاکٹر محمد عارف اور جناب نبیل انور ورچول و ہائبرڈ شریک تھے۔پینل مباحثہ میں جناب پروفیسر محمّد ادریس، جناب ڈاکٹر محمّد خالد اور جناب حکیم محسن دہلوی شریک تھے۔
پروگرام میں دیگر اہم موضوعات کے علاوہ اعلیٰ ترین معیار کی یونانی ادویہ سازی، لیباریٹری کی اہمیت، یونانی پیتھی: بغیر مضر اثرات کے محفوظ طریقہ علاج، حجامہ، مزاج و اخلاط، مطب مینجمنٹ، حقوق صارفین، فروغ کاروبار جیسے نہایت مفید، کارآمد اور اہم موضوعات پر مبنی مقررین کے معلومات افزا بیانات ہوئے۔ پروگرام کے دوران اُڈما کے سرگرم عہدیداران، ذمّہ داران و معاونین پروگرام کے نظم و ضبط کو بخوبی انجام دے رہے تھے۔ پروگرام کے اخیر میں اجتمائی طور پر قومی ترانہ پیش کیا گیا۔اس طرح جشن اُڈما 2021 بحسن و خوبی اختتام پذیر ہوا۔

Hasan
Excellent program by Unani Drugs Manufacturers Association, well organized, God Bless..!! .
Dr.Reza Ahmad
Congratulations
طب یونانی کی فلاح وبہبود کے سلسلے میں بہت اچھی اور امید افزا معلومات حاصل ہوئی .